پاکستان بزنس کونسل کے وفد کی وزیر اعظم کے خصوصی معاون برائے معاشی امور ہارون اختر خان اور وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے ملاقات

1

اسلام آباد، 19 مارچ )اے پی پی ): پاکستان بزنس کونسل کے وفد نے وزیر اعظم کے خصوصی معاون برائے معاشی امور ہارون اختر خان اور وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے وزارتِ صنعت و پیداوار میں اہم ملاقات کی، جس میں تجارتی پالیسیوں، برآمدات، درآمدات اور ٹیرف سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کے دوران ہارون اختر خان نے اس بات کو تسلیم کیا کہ پیداواری لاگت اور ٹیرف چیلنجز بزنس کمیونٹی کے لیے ایک بڑا مسئلہ ہیں۔

 انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وزیر اعظم شہباز شریف معیشت کو مستحکم کرنے، برآمدات کے فروغ اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہے ہیں۔

 ان کا کہنا تھا کہ حکومت صنعتوں کے تحفظ اور ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی کیونکہ صنعتی ترقی ہی ملکی معیشت کی مضبوطی کی ضامن ہے۔

وزیر تجارت جام کمال خان نے اس موقع پر ملکی اور بین الاقوامی سطح پر تجارت کے فروغ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حکومت کاروباری طبقے کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تجارتی مسابقت کو بڑھانے اور طویل مدتی اقتصادی استحکام حاصل کرنے کے لیے پالیسیاں بزنس کمیونٹی کے ساتھ مشاورت سے تشکیل دی جا رہی ہیں۔

حکومت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی صنعتی و تجارتی ترقی کے لیے کاروباری برادری کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ معیشت کے تمام شعبے یکساں ترقی کر سکیں اور ملک کی مجموعی اقتصادی صورتحال بہتر ہو۔