اسلام آباد،18مارچ (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے پاکستان سے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے لئے وفاقی و صوبائی حکومتوں اور تمام سٹیک ہولڈرز کی مربوط کوششوں پر زور دیتے ہوئے ‘وزیراعظم کے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے پروگرام’ کو ملک بھر میں وسعت دینےکے عزم کا اظہار کیا ہے۔
گلگت بلتستان میں وزیراعظم کے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے قومی پروگرام کے پائلٹ پراجیکٹ کی کامیاب تکمیل کے موقع پر منگل کو منعقدہ تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نےآغا خان ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک اور عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی نمایاں معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہیپا ٹائٹس یونٹ ابتدائی طور پر پاکستان کڈنی اینڈ لیورانسٹی ٹیوٹ میں قائم کیا گیا تھا اور بعد میں اس کا دائرہ دوسرے سرکاری ہسپتالوں تک پھیلایا گیا جہاں مریضوں کو 100 فیصد مفت علاج کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت کی کوششوں سے ہیپاٹائٹس سی کا بہت جلد ملک سے مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔
وفاقی وزیرمنصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نےاس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہیپاٹائٹس سی پروگرام کی کامیابی پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان کوارڈینیشن کا نمونہ ہے۔ وزیراعظم کا ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کا پروگرام نہ صرف لاکھوں جانیں بچائے گا بلکہ ملک کی معاشی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔
وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے ملک سے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے وزیراعظم کے وژن کو سراہتے ہوئے انہیں 2030 تک ملک سے اس مرض کے کامیابی سے خاتمے کے لئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔پاکستان میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے نمائندے ڈاکٹر لو ڈپینگ نے کہا کہ پائلٹ پراجیکٹ کے تحت دو یونین کونسلوں میں 14000 افراد کی سکریننگ قابل تحسین اقدام ہے ۔
وزیر اعظم کے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے پروگرام کی ٹاسک فورس کے رکن ڈاکٹر سعید اختر نے بتایا کہ اس پروگرام کے لئے 68 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جو دو مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا۔