پاکستان نے یورپی یونین کی اقوام متحدہ کے تمام شعبوں میں شمولیت کا خیرمقدم کیا

15

  (European Union)  اقوام متحدہ، 12 مارچ (اے پی پی): پاکستان نے یورپی یونینکی اقوام متحدہ کے تمام شعبوں میں شمولیت کا خیرمقدم کیا ہے، جس میں اقوام متحدہ کے سالانہ بجٹ کے لیے مسلسل حمایت فراہم کرنا اور امن مشنز اور امن سازی کی سرگرمیوں میں اس کا مستقل کردار شامل ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں یورپی یونین کے اقوام متحدہ سے تعلقات پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے، پاکستان کے مستقل مندوب سفیر منیر اکرم نے یورپی یونین کی جانب سے غزہ اور مغربی کنارے کے متاثرہ عوام کے لیے انسانی امداد فراہم کرنے کے اقدام کو سراہا، اور اقوام متحدہ کے ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (UNRWA) کے لیے اس کی حمایت کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کی عرب اور اب اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے غزہ کی تعمیر نو اور مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل پر مبنی منصوبے کی حمایت کا بھی خیرمقدم کرتا ہے۔

امن،سلامتی،ترقی، ماحولیاتی تغیر،دہشت گردی اور اس سے پیدا ہونے والے عالمی عدم استحکام اور جغرافیائی سیاسی کشمکش جیسے امور میں جاری عالمی تبدیلیوں کا حوالہ دیتے ہوئے،سفیر منیر اکرم نے یوکرین میں امن کے قیام کے لیے جاری مذاکرات اور جامع عمل کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ: “تمام تنازعات اور جھگڑے اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں کے مطابق حل کیے جانے چاہئیں، اور ان اصولوں کو عالمی سطح پر اور بلا تفریق لاگو کیا جانا چاہیے۔”

سفیر منیر اکرم نے کہا کہ ایک ترقی پذیر ملک کے طور پر پاکستان یورپی یونین کے پیرس ماحولیاتی معاہدے، 2030 کے پائیدار ترقیاتی ایجنڈے، بین الاقوامی مالیاتی ڈھانچے میں اصلاحات اور قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کے لیے انسانی امداد فراہم کرنے کے عزم کو سراہتا ہے۔

“ایسے وقت میں جب بین الاقوامی ترقیاتی تعاون شدید دباؤ کا شکار ہے، یورپی یونین کی اقوام متحدہ کے اداروں،فنڈز اور پروگرامز کے لیے مسلسل حمایت انتہائی اہم ہوگی۔ ہم اسپین میں منعقد ہونے والی چوتھی بین الاقوامی کانفرنس برائے ترقیاتی فنانسنگ میں بامعنی نتائج حاصل کرنے کے لیے یورپی یونین کے ساتھ تعاون کے منتظر ہیں۔”

اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر نے پاکستان اور یورپی یونین کے بہترین تعلقات کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان ایک مضبوط، جامع اور وسیع شراکت داری قائم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یورپی یونین ایک اکائی کے طور پر پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی اور سرمایہ کاری کا شراکت دار ہے۔

“جی ایس پی پلس (GSP Plus) نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور اقتصادی تعاون کے لیے ایک فائدہ مند ماڈل ثابت ہوا ہے۔”

سفیر اکرم نے 2019 میں یورپی یونین-پاکستان اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان پر دستخط کا خیرمقدم کیا، جس کے تحت یورپی یونین-پاکستان سیاسی مذاکرات اور مشترکہ کمیشن کے اجلاسوں جیسے ڈھانچہ جاتی مکالمے منعقد کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے یورپی یونین کے گلوبل گیٹ وے اسٹریٹیجی کے تحت قابل تجدید توانائی، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، تعلیم، پانی و نکاسی آب اور آفات سے نمٹنے کے منصوبوں میں یورپی یونین کی سرمایہ کاری کو بھی سراہا اور کہا کہ پاکستان ہوائزن یورپ پروگرام کے ذریعے مزید مواقع تلاش کرنے کے لیے پر عزم ہے۔

آخر میں، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مندوب نے کہا:”ہم سب کو مل کر بین الاقوامی قانون، مساوات اور اقوام متحدہ کے منشور کے تحت عالمی نظام کے قیام کے عزم کا اعادہ کرنا ہوگا تاکہ پائیدار امن، ترقی اور جامع نمو کو فروغ دیا جا سکے۔