اسلام آباد، 18 مارچ(اے پی پی):پاکستان کی آٹو انڈسٹری میں ماحول دوست ٹیکنالوجی کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان اور پاک سوزوکی کے سی ای او ہیروشی کاوامورا کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک کے صنعتی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ہیروشی کاوامورا نے ہارون اختر خان کو ان کی نئی ذمہ داریوں پر مبارکباد دی اور جاپان اور پاکستان کے درمیان تجارتی و صنعتی شراکت کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ ہارون اختر خان نے پاکستان میں آٹو انڈسٹری کی ترقی اور مقامی سطح پر آٹو پارٹس کی تیاری کے امکانات پر روشنی ڈالی۔
اس ملاقات کا اہم ترین موضوع پاکستان میں پائیدار اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کا تھا۔ وزیرِ اعظم کے “اُڑان” وژن کے تحت، ماحول دوست گاڑیوں کو فروغ دینے کے منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ہارون اختر خان نے پاک سوزوکی کے مانگا منڈی میں بائیو گیس پلانٹ کے قیام کے منصوبے کو سراہتے ہوئے اسے ایک بڑی پیش رفت قرار دیا، جو پاکستان میں گرین انرجی کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگا۔
اس موقع پر ایتھنول ایندھن کے استعمال، انجن کی مطابقت اور مقامی سطح پر آٹو پارٹس کی تیاری جیسے اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ہارون اختر خان نے مقامی سطح پر گاڑیوں کی تیاری کے عمل کو فروغ دینے اور مقامی مواد کے استعمال کے عزم کو دہرایا۔
معاونِ خصوصی نے جاپان کے ساتھ بائیو گیس اور الیکٹرک وہیکلز کے منصوبوں کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی، جس سے نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان صنعتی تعاون کو تقویت ملے گی بلکہ پاکستان میں تکنیکی ترقی اور کلین انرجی کے استعمال میں بھی اضافہ ہوگا۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور جاپان مل کر صنعتی ترقی کے نئے مواقع تلاش کر سکتے ہیں، جو دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گے۔ اس ملاقات کو صنعتی تعلقات کی مضبوطی کی جانب ایک اور اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جو مشترکہ ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ میں مدد دے گا۔