چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے کا اہم اجلاس

35

اسلام آباد۔14مارچ(اے پی پی ):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں سی ڈی اے کی موجودہ مالیاتی پوزیشن، ذرائع آمدن اور اس کو مستقل بنیادوں پر مستقبل میں مزید بڑھانے اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل  کا جائزہ لیاگیا ۔

اجلاس میں ممبر فنانس نے سی ڈی اے کی مالیاتی پوزیشن کے بارے میں بورڈ ممبران کو تفصیلی بریفننگ دی۔ اس کے علاوہ ممبر ایڈمنسٹریشن، ممبر پلاننگ، ممبر انجنئیرنگ اور سی ڈی اے کے اسٹیٹ، لینڈ اور دیگر شعبوں کے سنئیر افسران نے سی ڈی اے کو مالی طور پر خود مختار بنانے کی انتہائی مفید اور قابل عمل تجاویز دیں۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ سی ڈی اے کو مالیاتی طور پر خود مختار ادارہ بنانے کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی تعمیر و ترقی کیلئے جاری تمام منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جاسکے۔

 فنانس ونگ نے اجلاس کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ سی ڈی اے اس مالی سال کیلئے مقرر کردہ مالیاتی اہداف حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہے. ممبر فنانس نے میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد  اور ڈائریکٹوریٹ آف میونسپل ایڈمنسٹریشن  سمیت مختلف ڈائریکٹوریٹ کے درمیان آمدنی میں اضافے کا تقابلی تجزیہ پیش کیا، جس کو اجلاس میں سراہا گیا اور مالیاتی اہداف کو مزید دلجمعی اور مزید محنت کے ساتھ پورا کرنے پرزور دیا گیا۔

بریفنگ دیتے ہوئے اجلاس کو بتایا گیا کہ سی ڈی اے کے مختلف ذرائع سے حاصل ہونے والی آمدنی کو شہر کی مزید خوبصورتی، انفراسٹرکچر کی بہتری، تعمیر و ترقی اور ماحول دوست پودے لگانے کے علاوہ الیکٹرک بسوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ کیلئے کوشاں ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے مالیاتی اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے فنانس ونگ کو مزید مؤثر نگرانی کی ہدایت کی۔ انہوں نے فنانس ونگ کو آمدن کے زرائع کو مزید بڑھانے کو  مستقل بنیادوں پر بڑھانے اور ان کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کرنے اور اس مالی سال کے مقررہ اہداف کو حاصل کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں اسٹیٹ منیجمنٹ  ونگ اور بلڈنگ کنٹرول سیکشن کو قانون کے مطابق بروقت ریکوری کرنے اور ذرائع آمدن کو بڑھانے کی ہدایت کی گی۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ڈی ایم اے کو اپنی تمام کمرشل پراپرٹیز کی لیز کا سروے کرنے، ڈیٹا تیار کرنے اور لیز کی گئی کمرشل پراپرٹیز کے غیر قانونی استعمال کو روکنے کے لیے اقدامات کرنے اور  سب لیز پر دینے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کی گئی ۔

چیئرمین سی ڈی اے نے تمام سرکاری اور نجی پراپرٹیز جنکی لیز کی معیاد ختم ہوچکی ہے ۔ان کی لیز کو بلا امتیاز قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی لیز کی منسوخی خصوصا  نوٹسسز اور جرمانے عائد کرنے کی ہدایت کی۔

سی ڈی اے اور ڈی ایم اے کے نادہندگان سے سی ڈی اے کے واجبات کی ریکوری کو مزید بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے اسپیشل ریکوری یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا. جس کو سی ڈی اے کے تمام ڈائریکٹوریٹس مکمل تعاون فراہم کریں گے۔ اس سلسلہ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اجلاس میں ڈی ایم اے کی پراپرٹیز پر نادہندگان کی الاٹمنٹ کو قانون کے مطابق منسوخ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے بقایا جات کی بروقت وصولی کیلئے مزید قابل عمل لائحہ عمل وضع کرنے پر زور دیا تاکہ شہر بھر میں ترقیاتی منصوبے متاثر نہ ہوں۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ریسورس ونگ کو سی ڈی اے کو مالیاتی طور پر مزید مستحکم بنانے کیلئے مختلف ذرائع آمدن پر کام کرنے کی ہدایت کی۔