کرسچن کمیونٹی کے رہنماؤں کی طرف سے مسلم بھائیوں کے اعزاز میں روزہ افطار کے پروگرام کا خصوصی اہتمام

61

اسلام آباد، 24مارچ(اے پی پی):

 رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ و استحکام کےلئے کرسچن کمیونٹی کے رہنماؤں آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد کی طرف سے مسلم بھائیوں کے اعزاز میں روزہ افطار کے پروگرام کا خصوصی طور پر اہتمام کیا گیاجس کا مقصد سول سوسائٹی کے تمام طبقات کے مابین امن و ہم آہنگی، برداشت و رواداری اور احترام و مساوات کو تقویت دینا ہے۔

اس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی، کھیئل داس کوھستانی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ  ہماری طرف سے پوری دنیا کو پیغام ہے کہ پاکستان میں تمام مذاہب ایک دوسرے کے مذاہب کا احترام کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہر مذہب کا احترام کیا جائے اور مزہبی ہم آہنگی کوپروان چڑھایا جائے، محبت ،امن و بھائی چارے کا اہتمام مزہبی ہم آہنگی سے ہو گا۔

حکومت پاکستان  اور میری وزارت کی طرف سے کوشش ہو گی پاکستان میں پبلک پلیسسزاوریونیورسٹییز میں مذہبی ہم آہنگی کومزید بڑھایا جائے۔

انہوں نے مزید کہاکہ ہر مسئلے کا حل  اسلام اور قانون میں ہے، اسلام جبر کی اجازت نہیں دیتا، اسلام اور آئین پاکستان  دیگر مذاہب کو تحفظ دیتے ہیں، وفاقی حکومت سمیت تمام صوبائی حکومتیں مزہبی ہم آہنگی پر مکمل کام کررہی ہیں۔