اسلام آباد، 21مارچ(اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے راولپنڈی میں بیل میڈ ایکس کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جو ایک معروف امریکی ہیلتھ کیئر آئی ٹی کمپنی ہے اور 2017 سے پاکستان میں کام کر رہی ہے۔
اس موقع پر گورنر نے سی ای او ایڈوائزر ڈاکٹر فاروق خان، نائب صدر ماریہ عباسی، جنرل مینیجر ملک عمران الٰہی، مینیجر میڈیکل کوڈنگ ڈاکٹر مریم پرویز، اور ہیڈ آف ایچ آر طلحہ جمشید سے ملاقات کی، جنہوں نے انہیں کمپنی کی سرگرمیوں، اہداف اور معیشت میں اس کے کردار پر تفصیلی بریفنگ دی۔
کمپنی 1800 سے زائد پروفیشنلز کے ساتھ غیر ملکی زر مبادلہ لانے، ہنرمند روزگار پیدا کرنے، اور پاکستان کی سروس ایکسپورٹ کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
دورے کے دوران، گورنر نے ادارے میں کام کرنے والے نوجوانوں سے بھی ملاقات کی اور اس بات پر زور دیا کہ آئی ٹی اور فری لانسنگ خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کے لیے عالمی مواقع فراہم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے خواتین کے لیے بہتر ورک انوائرنمنٹ کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ہنر مند نوجوان خواتین کو تعلیم مکمل کرنے کے بعد بھی روزگار کے مواقع اور سازگار ماحول میسر آنا چاہیے۔
گورنر نے بیل میڈ ایکس کی ہنر سازی، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے، اور پاکستان کی اقتصادی ترقی میں اس کے کردار کو سراہا۔