گورنر خیبر پختونخوا کا وفاقی وزارت صحت کا دورہ، صوبے میں طبی سہولیات کی بہتری کیلئے وفاقی وزیر سے مشترکہ تعاون پر اتفاق

2

اسلام آباد، 21 مارچ (اے پی پی ): گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفاقی وزارت صحت کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال سے ملاقات کی۔ گورنر نے وزیر صحت کو وزارت کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے خیبر پختونخوا میں صحت عامہ کی بہتری کے لیے مشترکہ اقدامات اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان سے متعلقہ صحت کے مسائل، بالخصوص خیبر پختونخوا کے پسماندہ علاقوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی سے متعلق خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔ گورنر کنڈی نے خیبر پختونخوا اور ضم شدہ قبائلی اضلاع میں شعبہ صحت کی بہتری کے ساتھ ساتھ نئے و جاری منصوبوں سے متعلق اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبہ مل کر کام کریں گے تو صحت کی سہولیات میں یقینی بہتری آئے گی۔ انہوں نے وفاقی وزیر صحت کو گورنر ہاؤس پشاور کے دورے کی دعوت بھی دی۔

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں صحت عامہ کی بہتری کیلئے وفاقی ادارہ صحت مکمل تعاون کرے گا۔ وفاقی حکومت صحت کے شعبے میں صوبوں کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔

 دونوں رہنماؤں نے صحت کے شعبے میں مربوط حکمت عملی پر عملدرآمد کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا۔