ملتان ،20 مارچ(اے پی پی ): ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹرحسین میاں کی زیر صدارت یوم شہادت حضرت علی ؓ (کرم اللہ وجہ) کے حوالے سے ریسکیو 1122 کی جانب سے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں، ایمرجنسی آفیسر انجینئر محمد بلال کنٹرول، روم انچارج میا ں مدثر ضیاء،ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر محمد ارشد خان اور تمام تر اسٹیشنز کوارڈینٹر نے شرکت کی ۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرنے کہا کہ بروز 22مارچ 2025 کو ریسکیو 1122 ملتان ہر سال کی طرح اس سال بھی یوم شہادت حضرت علیؓ کے حوالے سے مجالس اور جلوس کے شرکاء کیلئے ایمرجنسی کور دینے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹرحسین میاں نے ہدایات جاری کیں کہ یوم شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر ریسکیو 1122ملتان ایمرجنسی کور فراہم کرے اور بروقت ایمرجنسی سروس کی فراہمی کو یقینی بنائے ۔
اس سلسلے میں ایمرجنسی آفیسر انجینئر محمد بلال نے کہا کہ ریسکیو 1122ملتان ضلع ملتان بشمول تحصیل شجاع آباد اور تحصیل جلال پور پیر والا میں خصوصی طور پر 28 ہنگامی امداد کی پوسٹیں جبکہ18موٹر بائیک ایمبولینسز،05فائروہیکلز، 15ایمبولینسز اور 01ریسکیو وہیکل اور 150سے زائد سٹاف کو بروکار لاتے ہوئے یوم شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر بروقت ایمرجنسی سروس کی فراہمی کو یقینی بنائے گا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے میٹنگ میں یہ بتایا کہ ریسکیو1122ملتان نے امام بارگاہ شیر شاہ،امام بارگاہ بابا تلوار شاہ، امام بارگاہ حسین آباد دولت گیٹ، امام بارگاہ امامیہ شجاع آباد،امام بارگاہ کوڑے شاہ بیرون دلی گیٹ،جلوس لال کرتی ملتان کینٹ، ناصرہ آباد اندرون پاک گیٹ، جلوس مسجد ولی محمد، جلوس چوک بازار، جلوس حسین آگاہی، جلوس گھنٹہ گھر، امام بارگاہ کاشانہ حیدر چاہ بوہڑوالہ،امام بارگاہ وڈا تھلہ سورج میانی، دربار سخی سلطان علی اکبر سورج میانی، مسجد ابوزرغفاری جیل موڑ، امام بارگاہ مخدوم جہانیاں بستی عاربی تھانہ مخدوم رشید،امام بارگاہ حسینہ ھاشمی کالونی نزد کوڑی والہ اندرون دھلی گیٹ پر ریسکیو اہلکار دستیاب وسائل کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دیں گے۔اس کے علاوہ ضلع ملتان میں قائم ریسکیو 1122 کے اسٹیشنوں پر بھی ریسکیو اہلکار ہائی الرٹ رہیں گے ۔
ڈسٹر کٹ ایمر جنسی آفیسر ڈاکٹرحسین میاں نے مزید کہا کہ کسی بھی ایمرجنسی میں بروقت ریسکیو سروس کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے ریسکیو اہلکار انسانیت کی خدمت کے جذبہ سے سر شار عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔ریسکیو 1122 کنٹرول روم 24/7 آپریشنل ہے،امدادی ہلپ لائن 1122 پر موصول ہونے والی ہر ایک کال پر بروقت امدادی کارروائیوں کا عمل جاری رہے گا،کسی بھی ہنگامی صورتحال پر قابو پانے کے لیے ریسکیو اہلکار 24/7 گھنٹے اپنے فرائض سر انجام دیں گے اور الرٹ رہیں گے۔