یوم پاکستان: گلگت بلتستان میں قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا

3

گلگت،23مارچ (اے پی پی):گلگت بلتستان میں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔

 اس موقع پر گلگت کے بے نظیر شہید چوک سے ایک پروقار ریلی نکالی گئی جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے  جن پر یومِ قراردادِ پاکستان کے حوالے سے نعرے درج تھے۔ریلی بوائز ہائی سکول نمبر 1 گلگت پر اختتام پذیر ہوئی جہاں اس دن کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔

 مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ ایسی تقریبات نہ صرف یومِ پاکستان کی تاریخی حیثیت کو نمایاں کرتی ہیں بلکہ گلگت بلتستان کے عوام کے لیے حب الوطنی اور ملکی ترقی کے عزم کو بھی تقویت دیتی ہیں۔ مقررین نے اس عہد کا اعادہ کیا کہ ہم سب نے مل کر ملک کی ترقی، خوشحالی اور سالمیت میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔