یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کی تنظیم نو کے ذریعے عوام کو بہتر خدمات فراہم کی جائیں گی: ہارون اختر خان

3

اسلام آباد، 26 مارچ (اے پی پی): وزیرِ اعظم کےمعاون خصوصی ہارون اختر خان نے آج یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے وفد کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں ملک کے سب سے بڑے ریٹیل نیٹ ورک کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے دوران ہارون اختر خان نے وزیرِ اعظم کی ہدایات کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کی کارکردگی میں بہتری کے لیے سخت نگرانی اور شفافیت پر زور دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کسی بھی ادارے میں بدعنوانی کو ہرگز برداشت نہیں کرے گی اور تمام سطحوں پر شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔

اجلاس میں یوٹیلیٹی اسٹورز کی تنظیمِ نو کے حوالے سے بھی تفصیلات پیش کی گئیں، جس کے مطابق ملک بھر میں اسٹورز کی تعداد 3742 سے کم کر کے 1563 کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ادارے کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانا اور قومی خزانے پر پڑنے والے مالی بوجھ کو کم کرنا ہے۔

ہارون اختر خان نے اجلاس کے دوران اس عزم کا اظہار کیا کہ ان اصلاحات سے عوام کو بہتر خدمات فراہم کی جائیں گی اور ادارے کی مالی پوزیشن کو مستحکم بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کی تنظیمِ نو کے ذریعے نہ صرف اخراجات میں کمی آئے گی بلکہ عوام کو معیاری اشیاء مناسب قیمتوں پر فراہم کرنے کا نظام بھی بہتر ہوگا۔