اوورسیز پاکستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، صرف اعتماد بحال کرنے کی ضرورت ہے، وسیم چوہدری

14

اسلام آباد، 14 اپریل (اے پی پی): برطانیہ کے شہر مانچسٹر سے تعلق رکھنے والے معروف جرنلسٹ وسیم چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت اور اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (OPF) کی جانب سے اوورسیز کنونشن کا انعقاد ایک بروقت اور شاندار اقدام ہے، جس سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔

اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں سے اوورسیز پاکستانی نہ صرف سرمایہ کاری سے دور ہو چکے تھے بلکہ تہواروں پر بھی وطن واپس آنا کم ہو گیا تھا۔ تاہم اس کنونشن نے ایک نئی روح پھونکی ہے اور اوورسیز پاکستانیوں کو دوبارہ پاکستان سے جوڑ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات اور قربانیوں کو تسلیم کیا ہے، جو کہ ایک خوش آئند قدم ہے۔ ان کے مطابق صرف اوورسیز پاکستانی ہی پاکستان کو امداد اور قرضوں کے چنگل سے نکال سکتے ہیں، بشرطیکہ ان کا اعتماد بحال کیا جائے۔

وسیم چوہدری نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی پاکستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، اور اگر ان کے لیے “ون ونڈو آپریشن” جیسا نظام متعارف کرا دیا جائے تو پاکستان میں سرمایہ کاری میں کئی گنا اضافہ ممکن ہے۔