اسلام آباد، 29 اپریل (اے پی پی): اینکر پرسن عائشہ جہانزیب نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے آئی ٹی کے شعبے میں کیے جانے والے حالیہ اقدامات نہایت مثبت اور حوصلہ افزا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جذبہ بہت مثبت ہے، یہ آئی ٹی کا دور ہے ،حکومت نے جس خوبصورتی سے اس شعبے کو سنبھالا ہے اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو متوجہ کیا ہے، یہ ایک بہت مثبت قدم ہے۔عائشہ جہانزیب نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستان کا ایک سافٹ امیج جا رہا ہے، جب ہم یہ معیاری خدمات فراہم کریں گے تو دنیا لازماً ہماری جانب متوجہ ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں برین ڈرین کا رجحان ایک تشویش ناک امر ہے، تاہم اگر ملکی سطح پر مواقع میسر آئیں تو نوجوان بیرونِ ملک جانے کے بجائے وطن میں ہی کام کریں گے۔
انہوں نے فری لانسرز کو درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پہلے فری لانسرز کو رقوم رک جانے یا کئی ہفتوں تک انتظار کرنے جیسے مسائل کا سامنا تھا مگر وقت کے ساتھ ساتھ یہ مسائل حل ہو رہے ہیں۔