آبپاشی کا نظام اور آبی وسائل کا انتظام کے عنوان سےاین سی آر ڈی میں ایک بین الاقوامی تربیتی ورکشاپ

1

اسلام آباد، 09 اپریل (اے پی پی):اختر حمید خان نیشنل سینٹر فار رورل ڈویلپمنٹ نے افریقی-ایشیائی دیہی ترقیاتی تنظیم کےتعاون  سے آبپاشی کا نظام اور آبی وسائل کا انتظام کے عنوان سےاین سی آر ڈی میں ایک بین الاقوامی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا جس کا مقصد آبپاشی کے نظام اور آبی وسائل کے انتظام کو بہتر بنانا تھا۔

اس دس روزہ تربیتی ورکشاپ میں پاکستان سمیت 13 ایشیائی اور افریقی رکن ممالک کے شرکاء شرکت کر رہے ہیں، جو 08اپریل سے  شروع ہوئی۔ افتتاحی تقریب میں اے اے آر ڈی اوکے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر منوج نردیوسنگھ، اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل رامی محمود عبدالحلیم قطیشت اور دیگراے اے آر ڈی او  حکام نے آن لائن شرکت کی۔

اے اے آر ڈی او حکام، سفارتی کور کے مندوبین اور تربیت کے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے، اسرار محمد خان، ڈائریکٹر جنرل این سی آر ڈی ، نے شرکاء کواے اے آر ڈی او کے ساتھ تعاون کے ذریعے پاکستان اور دیگر اے اے آر ڈی اوممبر ممالک میں دیہی ترقی اور غربت کے خاتمے کے لیے   این سی آر ڈی کارکردگی اور شراکت کے بارے میں آگاہ کیا۔

 اپنے ورچوئل خطاب میں، ڈاکٹر منوج ناردیو سنگھ، سکریٹری جنرل، اے اے آر ڈی او، نے اے اے آر ڈی او اور این سی آر ڈی کے درمیان مضبوط شراکت کو جنوبی-جنوبی تعاون کی ایک مثال قرار دیا اوراین سی آر ڈی کی قیادت میں ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ یہ تربیتی ورکشاپ موسمیاتی چیلنجز کے تناظر میں پائیدار زرعی طریقوں کے حصول اور خوراک کی سیکیورٹی کے لیے نہایت اہم ہے۔انہوں نے پاکستان کو اے اے آر ڈی اوکے ساتھ مسلسل وابستگی کو سراہتے ہوئے رکن ممالک کی استعداد کار بڑھانے اور علم کے تبادلے میں تعاون جاری رکھنے کا عزم دہرایا۔

سابق ڈائریکٹر جنرل این آر ڈی ڈاکٹر ظفر اقبال قادری نے تقریب میں شرکت پر مسرت کا اظہار کیا اور اے اے آر ڈی او کے حکام ،  بالخصوص ڈاکٹر منوج نردیوسنگھ کی کاوشوں کو سراہا ، انہوں نے کہا کہ پاکستان، جو ایک زرعی ملک ہے، آبی قلت کا سامنا کر رہا ہے جسے موسمیاتی تبدیلیوں نے مزید سنگین بنادیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت کے جاری اقدامات، جیسے دیامر بھاشا اور داسو جیسے بڑے ڈیموں کی تعمیر، آبپاشی کے نظام کو مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ تربیتی ورکشاپ، اندرون خانہ سیشنز اور فیلڈ وزٹس کے ذریعے شرکاء کو آبپاشی اور آبی وسائل کے انتظام سے متعلق گہرے اور مفید تجربات فراہم کرے گی۔

آخر میں انہوں نےاے اے آر ڈی اوکا شکریہ ادا کیا اور رکن ممالک کے شرکاء کو سراہا، اس امید کے ساتھ کہ وہ اپنے علم میں اضافہ کرنے کے اس سفر سے بھرپور استفادہ حاصل کریں گے۔