آر ڈی اے،پی ایچ اے کی مشترکہ کاوشوں سے راولپنڈی کی خوبصورتی میں اضافہ

4

‎راولپنڈی، 12  اپریل( اے پی پی):پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی اور آر ڈی اے کی مشترکہ کاوشوں کی بدولت راولپنڈی شہر کے حسن اور دیدہ زیبی میں اضافہ ہوا ہے۔

‎نالہ لئی بریج پر قومی ہیروز اور بڑے لیڈروں  کی تصاویر آویزاں کر دیں گئیں-اس کے ساتھ ساتھ ہارٹیکلچر کا بھی شاندار کام سرانجام دیا گیا ہے،نالہ لئی بریج پر رنگ برنگے پھول پودوں کی سجاوٹ سے ایک خوبصورت منظر دیکھنے کو ملتا ہے،عوام کی جانب سے سجاوٹ اور ہارٹیکلچر کے کام کو خوب سراہا گیا ہے۔

‎قومی ہیروز کی تصاویر میں نشانِ حیدر حاصل کرنے ولے شہداء،قائد اعظم محمد علی جناح،علامہ اقبال،نامور سیاستدان،کھلاڑی اور دیگر اہم شخصیات کی تصاویر شامل ہیں۔

‎اس سلسلے میں ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا کا کہنا تھا کہ پی ایچ اے راولپنڈی نے آر ڈی اے کے اشتراک سے نالہ لئی بریج کو خوبصورت بنانے کے لیے بہترین کام کیا ہے جس سے مری روڈ کا یہ علاقہ انتہائی خوبصورت منظر پیش کر رہا ہے- انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں بھی راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ساتھ مل کر راولپنڈی شہر کی خوبصورتی اور عوام کو ایک بہترین ماحول فراہم کرنے کے لیے مل کر کام کریں گے۔

‎ڈی جی آر ڈی اے  کنزہ مرتضی کی جانب سے پی ایچ اے راولپنڈی کے عزم کا خیر مقدم کیا گیا۔‎اس کے علاوہ شہر کے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کا عزم بھی دہرایا گیا۔