اسلام آباد،22 اپریل(اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے نسٹ یونیورسٹی اسلام آباد میں منعقدہ آسیان ـ پاکستان ٹیکنالوجی ایکسپو 2025 سے خطاب کیا، جہاں انہوں نے سائنس اور ٹیکنالوجی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستان کو ٹیکنو اکانومی میں تبدیل کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
یہ ایکسپو نیشنل سینٹر برائے روبوٹکس و آٹومیشن (این سی آر اے) اور آسیان کمیٹی برائے سائنس، ٹیکنالوجی و انوویشن کے اشتراک سےمنعقد کیا گیا، جسے وزیرِ منصوبہ بندی نے سراہا۔
احسن اقبال نے کہا کہ”سائنس و ٹیکنالوجی سے ہی معاشرے ترقی کرتے ہیں،ہمیں ٹیکنالوجی کے ذریعے مقامی مسائل کا حل نکالنا ہوگا، نہ کہ صرف درآمدی ٹیکنالوجیز پر انحصار کریں۔”
انہوں نے وزارت منصوبہ بندی کے حالیہ اقدام “سائنس، ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ برائے ترقی” پروگرام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اس کا مقصد تحقیق و اختراع کو ترقیاتی مقاصد کے ساتھ جوڑنا ہے۔
وفاقی وزیر نے موسمیاتی تبدیلی، بے روزگاری،اور پانی کی کمی جیسے چیلنجز کی نشاندہی کرتے ہوئے گرین انرجی اور ڈیجیٹائزیشن کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا، “ڈیجیٹائزیشن ہی ہمارے مسائل کا حل ہے۔ ہمیں روایتی معیشت سے ہٹ کر جدید خطوط پر کام کرنا ہوگا۔”
احسن اقبال نے آسیان کو علاقائی تعاون کی بہترین مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آسیان ممالک مشترکہ چیلنجز کا مل کر مقابلہ کر سکتے ہیں اور حکومت ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔