اسرائیل بین الاقوامی دہشت گرد ہے،پاکستانی قوم فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ، رانا مشہود احمد

4

لاہور،12اپریل (اے پی پی):چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ اسرائیل بین الاقوامی دہشت گرد ہے،پاکستانی قوم فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ، ملک بھر میں اسرائیلی بر بریت کے خلاف احتجاج جاری ہے ،موجودہ حکومت نے ہر فورم پر غزہ کے مسلمانوں کی آواز اٹھائی ہے ، وزیر اعظم کے عوام دوست اقدامات کی بدولت  عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف ملا،پی ٹی آئی کے آئی ایم ایف پروگرام سے عام آدمی کی زندگی اجیرن ہوئی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ  کو یہاں   وزیر اعظم کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں ریلیف پر اظہار تشکر اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے نکالی گئی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی میں کوآرڈینیٹرز محمد اکبر ، جاوید سرور بھٹی یامین مغل ، مون شاہ اور وقار بھٹی سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی ۔

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ اسرائیل بین الاقوامی دہشت گرد ہے جس نے فلسطین میں ظلم و بربریت کی جنگ شروع کررکھی ہے، پوری پاکستانی قوم فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کی بھر پور مذمت کرتی ہے اور ظلم وستم کی تصویر بنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن ) کی جانب سے فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لئے ریلی نکالی  جارہی ہے ، جس طرح وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فلسطینیوں کیلئے حق کی آواز بلند کی اس طرح کی کسی اور حکومت میں مثال نہیں ملتی ، انہوں نے امریکہ میں مقید ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے آ واز بلند کی، اقوام متحدہ میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اسرائیلی وزیر اعظم کی تقریر کا بائیکاٹ کیا ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی عوام دوست پالیسیوں کی بدولت بجلی کے بلوں میں ریلیف ملا جس سے مہنگائی میں کمی ہوئی جس سے عام آدمی کی زندگی میں خوشحالی آ ئی ،مسلم لیگ ن  عوامی جماعت اور ا س کی قیادت کو عوامی مسائل کا ادراک ہے۔ رانا مشہود نے کہا کہ 2017  میں محمد نواز شریف کی حکومت نے آئی ایم ایف کو خیر باد کہہ دیا تھا، ملک میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوچکا تھا ، پاکستان ایشین ٹائیگر بننے جا رہا تھا لیکن ایک سازش کے تحت  محمد نواز شریف کی حکومت کو ختم  کر کے ایک نا تجربہ کار شخص کو اقتدار پر بٹھا دیا گیا جس نے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق اور پاکستان دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ گیا۔انہوں نے کہا کہ ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچانے کے لئے محمد شہباز شریف نے اپنی سولہ ماہ کی حکومت میں دن رات محنت کی اور اپنی سیاست کی  قربانی دے کر ریاست کو بچا لیا جس کی وجہ سے آج پاکستان دوبارہ ترقی کی جانب گامزن ہو چکا ہے ۔رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہبازشریف وفاق میں جبکہ وزیر اعلیٰ مریم نوازپنجاب میں عوام کی خدمت کررہے ہیں، مسلم لیگ ن نے انتخابات میں عوام سے جو وعدے کئے تھے انہیں ایک ایک کر کے پورا کیا جا رہا ہے ،،مہنگائی تاریخ کی کم ترین سطح پر آچکی ہے، آنے والے بجٹ میں عوام کو مزید ریلیف فراہم کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز عوام کو ریلیف دینے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر نئے منصوبوں کا آ غاز کر رہی ہیں، وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی مثبت پالیسیوں کی بدولت دنیا بھر کے سرمایہ کاروں نے پاکستان کا رخ کر لیا ہے ، اربوں ڈالرز کی منرلز انویسٹمنٹ کیلئے دنیا کی بہترین کمپنیوں نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے، وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق بیرونی سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ۔

مسلم لیگ ن کی فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے نکالی ریلی شیراکوٹ سے شروع ہو کر چوک یتیم خانہ جا کر اختتام پذیر ہوئی ۔