اسلام آباد حاجی کیمپ میں معاونینِ حج کے لیے فرسٹ ایڈ، سی پی آر اور سول ڈیفنس کی تربیت شروع

1

اسلام آباد ،17 اپریل (اے پی پی ): وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیرِ اہتمام حاجی کیمپ اسلام آباد میں معاونینِ حج کے لیے فرسٹ ایڈ، سی پی آر، سول ڈیفنس اور اسپیشل ہینڈلنگ ٹیکنیکس پر مشتمل جامع تربیتی پروگرام کا آغاز ہوگیا ہے۔ یہ تربیت حج 2025 کی تیاریوں کا اہم حصہ ہے۔

وزارت  مذہبی امور کے جوائنٹ سیکرٹری اسداللہ فیض تمام تربیتی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ ان کی مؤثر انداز میں تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔ تربیتی سیشنز ریسکیو 1122 اسلام آباد کے ماہر انسٹرکٹرز کی نگرانی میں جاری ہیں، جن میں شرکاء کو عملی مظاہروں اور لیکچرز کے ذریعے اہم طبی اور ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کی مہارتیں سکھائی جا رہی ہیں۔

اس سال کے حج آپریشن میں خدمات انجام دینے والے تمام منتخب معاونین اس تربیت میں حصہ لے رہے ہیں۔ تربیت کا مقصد ان افراد کو ایسی بنیادی اور اہم صلاحیتیں فراہم کرنا ہے جن کے ذریعے وہ سعودی عرب میں پاکستانی حجاج کرام کی حفاظت اور بہبود کو یقینی بنا سکیں۔

وزارت کے حکام نے کہا کہ یہ تربیت معاونین کی استعداد بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی، خاص طور پر طبی ایمرجنسی، ہجوم پر قابو پانے اور کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے نمٹنے کے لیے یہ تربیتی سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہے گا، تاکہ حج مشن کے لیے ایک مکمل طور پر تربیت یافتہ ٹیم تیار کی جا سکے۔