اسلام آباد میں او آئی سی اسٹیئرنگ کمیٹی کا چھٹا اجلاس، ایس ٹی آئی ایجنڈا 2026 پر پیش رفت کا جائزہ

1

اسلام آباد، 22 اپریل (اے پی پی): کامسٹیک سیکرٹریٹ میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا چھٹا دو روزہ اجلاس شروع ہو گیا ہے،جس میں او آئی سی کے سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع (ایس ٹی آئی ) ایجنڈا 2026 کے نفاذ پر پیش رفت کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں او آئی سی کے 15 اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی، جب کہ اسلامی تعاون تنظیم کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل آفتاب احمد کھوکر نے بھی اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔ اجلاس کا خیرمقدم کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک، پروفیسر ڈاکٹر ایم اقبال چوہدری نے کیا، جنہوں نے اس موقع کو پاکستان اور کامسٹیک کے لیے ایک اعزاز قرار دیا۔

شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ او آئی سی ایس ٹی آئی ایجنڈا تحقیق، ٹیکنالوجی اور پائیدار ترقی کے فروغ میں باہمی تعاون کا مظہر ہے۔ اجلاس میں علم کے تبادلے، اختراعات کے فروغ اور مستقبل کی حکمت عملی سمیت 2026 کے بعد کے اقدامات پر بھی مشاورت کی گئی۔

اس موقع پر اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل او آئی سی نے کہا کہ سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت طرازی پر توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اجلاس میں ابو ظہبی اعلامیہ 2022 کے تحت ہونے والی پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی، جب کہ شرکاء نے کامسٹیک کے کردار کو او آئی سی کے ایس ٹی آئی تعاون میں کلیدی قرار دیا۔