اسلام آباد میں زمبابوے کے یوم آزادی کی 45ویں سالگرہ کی شاندار تقریب، پاکستان و زمبابوے کے تجارتی تعلقات مضبوط بنانے پر زور

1

اسلام آباد ،22 اپریل( اے پی پی): زمبابوے کے یوم آزادی کی 45ویں سالگرہ کے موقع پر اسلام آباد میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان مہمانِ خصوصی تھے۔ تقریب کا آغاز دونوں ممالک کے قومی ترانوں سے ہوا، جب کہ اختتام کیک کاٹنے اور عشائیے کے ساتھ ہوا۔

وفاقی وزیر جام کمال خان نے اپنے خطاب میں پاکستان اور زمبابوے کے درمیان دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم زمبابوے کے ساتھ اپنی دوستی کو معاشی شراکت داری میں بدلنا چاہتے ہیں۔

جام کمال نے بتایا کہ مالی سال 2023-24 کے دوران پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تجارت کا حجم 9.6 ملین ڈالر رہا۔ انہوں نے ٹیکسٹائل، ادویات، اور زرعی پروسیسنگ کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے امکانات پر روشنی ڈالی۔

زمبابوے کے سفیر نے بھی پاکستان کے ساتھ مضبوط اور دیرپا تعلقات کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے باہمی تعاون کے نئے دروازے کھولنے کی امید ظاہر کی۔

تقریب میں مختلف ممالک کے سفارتکاروں، تاجروں، اور سرکاری نمائندوں نے بھی شرکت کی، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ کی اہمیت اجاگر ہوئی۔