ملتان، 08 اپریل (اے پی پی):القلم فری ایجوکیشن ماڈل سکول کے سالانہ رزلٹ کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ، والدین، اساتذہ اور معزز مہمانوں نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی ام فروا ہمدانی، ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ملتان، نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ القلم فری ایجوکیشن ماڈل سکول معاشرے کے محروم طبقات کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کا فروغ ایک عظیم اور قابلِ ستائش اقدام ہے، اور دورِ حاضر میں بچوں کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنا سب سے بڑی نیکی ہے۔انہوں نے سکول انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ معیاری اور مفت تعلیم کی فراہمی سے کم آمدنی والے گھرانوں کے بچوں کو روشن مستقبل کی راہ دکھائی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم ہی وہ طاقت ہے جو کسی بھی قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے، اور القلم ایجوکیشن ماڈل سکول اس مشن کو بھرپور انداز میں سرانجام دے رہا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سکول کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سعید احمد نے کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ تمام طلبہ کو بلا معاوضہ معیاری تعلیم فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے جدید دور میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بغیر ترقی ممکن نہیں، اور اگر پاکستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانا ہے تو ہمیں اپنی تمام توانائیاں اور وسائل بچوں کی تعلیم پر صرف کرنے ہوں گے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ القلم فری ایجوکیشن ماڈل سکول میں دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم و تربیت کو بھی خاص اہمیت دی جاتی ہے، تاکہ طلبہ ایک متوازن اور باکردار زندگی گزار سکیں۔جبکہ سکول کی پر نسپل صدف صدیقی،پر و فیسر عالمیگرخان،جنید الرحمن، اقبال سہو اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر،محمد یاسین نے خطاب کیا۔ تقریب میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو انعامات اور اسناد سے نوازا گیا، جبکہ والدین نے بھی سکول انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ تعلیمی ادارہ آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ قوم کے نونہالوں کی تعلیم و تربیت کا فر یضہ انجام دیتا رہے گا۔