امریکی قونصل جنرل کرسٹن کے ہاکنز کاجنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا دورہ

3

ملتان ، 08اپریل (اے پی پی):امریکی قونصل جنرل  کرسٹن کے ہاکنز نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا دورہ کیا اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی سے  ملاقات کی۔ملاقات  میں باہمی تعاون اور ترقی کے مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران انہوں نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ اور مضبوط تعلقات پر زور دیا اور اس عزم  کا اظہار کیا کہ یہ تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے۔

کرسٹن کے  ہاکنز نے  یقین دلایا کہ جنوبی پنجاب میں زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور خواتین کو بااختیار بنانے جیسے اہم شعبوں کی ترقی کے لیے امریکی تعاون  کی فراہمی کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے علاقائی ترقی، سروس ڈیلیوری اور گڈ گورننس کے فروغ میں کردار کو سراہا۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی نے امریکی قونصل جنرل کو اس خطے کی جغرافیائی اہمیت اور اقتصادی صلاحیت سے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان تمام خوبیوں کے باوجود غربت اس خطے کا ایک بڑا چیلنج ہے۔

فواد ہاشم ربانی نے آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں نوجوانوں کو ٹریننگ فراہم کرنے کے لئے تعاون فراہم کرنے کی تجویز دی اور کہا ہے جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کے لیے آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کےشعبے میں مہارت فراہم کرنے سے  روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور جدت پر مبنی ترقی کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے ضلع لیہ میں،     زیرو آؤٹ آف اسکول چلڈرن   مہم کی کامیابی سے آگاہ کیا ، جس کو اب لودھراں اور دیگر اضلاع تک توسیع  دی جا رہی ہے۔انہیں  بتایا گیا کہ یہ مہم غیر سرکاری تنظیموں کے اشتراک سے بغیر کسی سرکاری مالی بوجھ کے چلائی جا رہی ہے۔

ملاقات میں زراعت کی جدت، فصلوں کی تنوع کاری، جدید کاشتکاری کے طریقوں اور تحقیق کے ذریعے غربت کے خاتمے اور معیشت کی بہتری بارے بھی گفتگو ہوئی۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے جنوبی پنجاب کو موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے دوچار خطہ قرار دیتے ہوئے دریائے چناب کے کنارے محکمہ جنگلات کی 300 ایکڑ اراضی پر سیڈ بال طریقہ کار سے آم کے باغات لگانے کے منصوبے پر بریفنگ دی جس پر 7 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ فواد ہاشم ربانی نے اس منصوبے کے لئے مالی اور تکنیکی تعاون فراہم کرنے بارے بھی بات کی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب نے امریکہ کے ساتھ تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تکنیکی معاونت، استعداد کار میں اضافے، اور عوامی روابط کو فروغ دینے پر زور دیا  تاکہ جنوبی پنجاب کی ہمہ جہت ترقی کو ممکن بنایا جا سکے۔

اے پی پی/کاشف/فرح