اسلام آباد، 14 اپریل (اے پی پی):سویڈن میں مقیم معروف کنٹریکٹر اور ہیوی انڈسٹری سے وابستہ ماہر سعید شیخ نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی، پاکستان کی ترقی میں ایک اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اور اوورسیز کنونشن کے انعقاد نے ان میں ایک نیا فخر پیدا کیا ہے۔
اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اور افواجِ پاکستان کی باہمی ہم آہنگی اور ملکی ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ یکجہتی پاکستان کے مثبت مستقبل کی نوید ہے۔
سعید شیخ نے اس بات پر زور دیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی نئی نسل میں پاکستان کے حوالے سے بعض اوقات گمراہ کن اطلاعات پائی جاتی ہیں۔ اس لیے وزارت خارجہ اور اس کے ذیلی اداروں کو اس جانب خصوصی توجہ دینی چاہیے تاکہ دنیا بھر میں پاکستان کی اصل خوبصورتی اور ترقی کا پیغام پہنچایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ سیاحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں پاکستان کے پاس بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی طلباء کو پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنی چاہیے کیونکہ یہ ادارے اپنی قابلیت اور معیار میں کسی سے کم نہیں ہیں۔