اسلام آباد، 14 اپریل (اے پی پی):استحکام پاکستان اوورسیز فورم کے بانی صدر شہزادہ عثمان طاہر نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی حکومت پاکستان اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اور موجودہ حکومت کے اقدامات کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔
اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اوورسیز کنونشن ایک خوش آئند اور قابل تحسین قدم ہے، جس سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو نہ صرف نمائندگی ملی ہے بلکہ ان کی آواز کو بھی سنا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے کاروباری شخصیات پاکستان آئی ہیں، اور اب حقیقی معنوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ ان کے مطابق اوورسیز پاکستانی اس کنونشن کو سراہتے ہیں اور اسے پاکستان کے مستقبل کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیتے ہیں۔
شہزادہ عثمان طاہر نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی نہ صرف محب وطن ہیں بلکہ افواج پاکستان سے بھی بھرپور محبت رکھتے ہیں۔ انہوں نے آرمی چیف اور حکومت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں جو استحکام آیا ہے، وہ ان کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں صرف دعوے اور وعدے کیے گئے، لیکن کوئی عملی اقدامات نہیں ہوئے۔ اب حالات بدل رہے ہیں اور بڑی سطح پر سرمایہ کاری پاکستان آ رہی ہے۔