اوورسیز کنونشن پاکستان کی ترقی کا سنگ میل ہے؛ حکومت اور افواج پاکستان ملک کی سلامتی کیلئے کوشاں ہیں، وقار ملک

25

اسلام آباد، 14 اپریل (اے پی پی): یورپ میں پاک میڈیا سینٹر سے وابستہ وقار ملک نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کا پہلا کنونشن ایک تاریخی پیش رفت ہے جس سے نہ صرف پاکستان کے عالمی امیج کو تقویت ملی ہے بلکہ دنیا کی نظریں بھی پاکستان کی طرف اٹھ گئی ہیں۔

اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کنونشن حکومت پاکستان کا ایک شاندار اقدام ہے جس نے دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر دیا ہے۔

وقار ملک نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی زراعت، تجارت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں، جو پاکستان کی معیشت کے استحکام میں مددگار ثابت ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حالات میں چیلنجز ضرور آئے، لیکن حکومت اور افواج پاکستان کی دانشمندانہ فیصلوں کی بدولت آج پاکستان ایک بہتر سمت میں گامزن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے جی ڈی پی میں اضافہ کیا ہے اور “خوشحال پاکستان” جیسے منصوبے شروع کیے گئے ہیں جو ترقی کی نئی راہیں کھول رہے ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ دنیا بھر سے غیر ملکی سرمایہ کار اور سیاح پاکستان آئیں اور یہاں کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔