اسلام آباد، 21 اپریل (اے پی پی(:اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی ایلچی برائے جموں و کشمیر یوسف الدوبے نے کہا ہے کہ او آئی سی کا ہر رکن جموں و کشمیر کے عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد میں بھرپور حمایت کرتا ہے، او آئی سی کشمیریوں کے منصفانہ کاز کے پیچھے مضبوط کھڑی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد میں یوتھ فورم فار کشمیرکے تعاون سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
دیگر مقررین میں کنوینر آل پارٹیزحریت کانفرنس غلام محمد صفی اور چیئرمین کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز الطاف حسین وانی شامل تھے۔
یوسف الدوبے نے کہا کہ مظفر آباد کا دورہ اور وہاں کے لوگوں سے ملاقاتیں انتہائی مددگار ثابت ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دورے کی وجہ جموں و کشمیر کے عوام کو یقین دلانا اور کشمیری عوام کے منصفانہ مقصد کے لیے او آئی سی کے پختہ عزم کا اعادہ کرنا ہے۔
جموں و کشمیر اقوام متحدہ اور او آئی سی دونوں کے ایجنڈے پر سب سے پرانے تنازعات میں سے ایک ہے۔ نہ صرف او آئی سی ایک تنظیم کے طور پر بلکہ او آئی سی کا ہر رکن جموں و کشمیر کے عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد میں بھرپور حمایت کرتا ہے۔
سدرہ، حبیب شاہ