اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ آئی ٹی شعبہ کی برآمدات میں اضافہ معیشت کےلئے خوش آئند ہے، ہم ڈیجیٹل معیشت ، ڈیجیٹل گورننس اورڈیجیٹل سوسائٹی تشکیل دینے کےلئے پرعزم ہیں ، ہم کیس لیس اکانومی کی راہ پر گامزن ہیں ، ہم نے ای گورننس پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکو ڈی ایف ڈی آئی فورم کے موقع پر غیرملکی میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، پاکستان میں آئی ٹی کا شعبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ ا ٓئی ٹی شعبہ کی ترقی کی رفتار مزیدبڑھانا چاہتے ہیں، آئی ٹی شعبہ کی برآمدات میں اضافہ معیشت کےلئے خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈیجیٹائزیشن کا مقصد ڈیجیٹل پاکستان، ڈیجیٹل اکانومی، ڈیجیٹل گورننس اور ڈیجیٹل سوسائٹی تشکیل دینا ہے،ہر پاکستانی کو موبائل فون کے ذریعے ہر سہولت تک رسائی کےلئے کوشاں ہیں ، ہمی کیش لیس اکانومی کی راہ پر گامزن ہیں جس سے ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو آئی ٹی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹرانزیکشن سے شفافیت اورکارکردگی میں بہتری آئے گی اور دستاویزی معیشت کو تشکیل دینے میں مدد ملے گی، حکومت نے ای گورننس پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے، ہم آئی ٹی صنعت کے فروغ کےلئے ہرممکن سہولیات فراہم کرنے کےلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی اورغیرملکی سرمایہ کار آئی ٹی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، ملک کے دور دراز علاقوں میں انٹرنیٹ تک رسائی یقینی بنائی جارہی ہے۔