منسک، 11 اپریل (اے پی پی ):بیلا روس کے صدر اور وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کے درمیان بیلا روس کے ایوانِ آزادی میں دو طرفہ ملاقات جس میں بیلا روس کے صدر اور وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، اور علاقائی امور شامل تھے۔
ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان سے 150,000 سے زائد تربیت یافتہ اور ہنر مند نوجوانوں کو بیلا روس بھیجا جائے گا، جس کے لیے لائحہ عمل جلد ترتیب دیا جائے گا۔
دونوں ممالک نے زرعی شعبے، زرعی مشینری کی تیاری، الیکٹرک گاڑیوں اور بسوں کی تیاری، اور غذائی تحفظ جیسے اہم شعبوں میں مشترکہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
رہنماؤں نے دفاعی تعاون اور بزنس ٹو بزنس روابط کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ گزشتہ سال اسلام آباد میں ہونے والے پاک-بیلاروس مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس اور رواں سال پاکستان سے بین الوزارتی وفد کے بیلا روس کے دورے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، بیلا روس کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور انہیں مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔
وزیراعظم نے بیلا روس میں پرتپاک استقبال اور شاندار مہمان نوازی پر صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔