اسلام آباد، 28 اپریل )اے پی پی): وزارتِ تجارت نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ٹریڈ اینڈ ڈیولپمنٹ میں نئے تعینات شدہ ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ آفیسرز (TIOs) کی پری ڈپارچر تربیت کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس تربیتی پروگرام میں 28 منتخب افسران شریک ہیں جو جلد دنیا کے مختلف تجارتی مشنز پر تعینات کیے جائیں گے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ “TIOs کی کارکردگی اب واضح KPI (کلیدی کارکردگی کے اشاریے) کے تحت جانچی جائے گی اور ان کی تعیناتی مکمل طور پر شفاف اور میرٹ پر مبنی عمل کے ذریعے کی گئی ہے۔”
وزیر نے ہدایت کی کہ یہ افسران پاکستان کو دنیا میں ایک برانڈ کے طور پر متعارف کرائیں۔ انہوں نے خاص طور پر آم، چاول اور فٹبال کو پاکستان کی پہچان قرار دیتے ہوئے زور دیا کہ عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کے معیار کو اجاگر کیا جائے۔
جام کمال نے TIOs کو صرف دو طرفہ نہیں بلکہ سہ فریقی تعلقات پر بھی کام کرنے کی تلقین کی۔ اس موقع پر سیکریٹری تجارت جواد پال نے کہا کہ “یہ سیاسی نہیں بلکہ تجارتی سفارتکاری کا دور ہے۔” انہوں نے TIOs کو ہدایت کی کہ وہ پاکستانی مصنوعات کے لیے نئے عالمی بازار تلاش کریں اور بیرونِ ملک روزگار کے فروغ میں بھی اپنا فعال کردار ادا کریں۔
ڈائریکٹر جنرل PITAD شازیہ عدنان نے کہا کہ “TIOs پاکستان کے مستقبل کے تجارتی سفارتکار ہیں۔ یہ تین ہفتوں پر مشتمل جامع تربیتی پروگرام عالمی تجارت کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگی کے لیے ترتیب دیا گیا ہے جس میں کاروباری رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی شامل ہوں گی۔”
یہ اقدام پاکستان کی تجارتی سفارتکاری کو مزید فعال، مؤثر اور عالمی معیارات سے ہم آہنگ بنانے کی جانب ایک اہم قدم تصور کیا جا رہا ہے۔