اسلام آباد – 15 اپریل(اے پی پی):بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ایگریکلچر اور لائیوسٹاک گریجویٹس نے آج اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر تجارت، جام کمال خان سے غیر رسمی ملاقات کی۔یہ گریجویٹس کراچی سے اسلام آباد پہنچے ہیں اورآج رات چین روانہ ہوں گے۔ یہ تربیتی دورہ وفاقی حکومت کے ایک خصوصی منصوبے کا حصہ ہے۔
جام کمال نے نوجوانوں کے جذبے کو سراہا اور انہیں پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کا مستقبل قرار دیا۔ انہوں نے نیک تمناؤں کے ساتھ حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وفد میں بلوچستان کے مختلف علاقوں خصوصاً لسبیلہ سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت گریجویٹس شامل ہیں جو چین میں ایگریکلچر اور لائیوسٹاک کے شعبے میں جدید تربیت حاصل کریں گے۔ اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا اور ملکی زرعی ترقی کو فروغ دینا ہے۔