حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے پر عزم ہے، رانا مشہود احمد خان

0

پشاور۔ 21 اپریل (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے پاکستان کے نوجوانوں کو سماجی و اقتصادی طور پر بااختیار بنانے کےلیے متعدد پروگرام شروع کیے ہیں۔  انہوں نے ان خیالات کا اظہار سوموار کو پشاور، گلبہار میں خیبر پختونخوا یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔  یوتھ کنونشن سے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام، مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری مرتضیٰ جاوید عباسی اور خیبر پختونخوا یوتھ کوآرڈینیٹر بابر سلیم نے بھی خطاب کیا۔  رانا مشہود احمد خان نے اپنے مختصر خطاب میں وزیراعظم کے نوجوانوں کو  بااختیار بنانے کے پروگرام پر روشنی ڈالی جس میں فنی تعلیم، روزگار، ہنر مندی کے فروغ، قرض اسکیم اور اسکالرشپ کے اقدامات شامل ہیں جنہوں نے خیبرپختونخوا سمیت پاکستان  بھر کے نوجوانوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں لائی ہیں۔

  انہوں نے کہا کہ پہلی ڈیجیٹل یوتھ پالیسی شروع کی گئی ہے اور وہ یہاں خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو اس کے بارے میں آگاہ کرنے آئے ہیں۔  رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وہ پہلی حکومتی ڈیجیٹل پالیسی اور نوجوانوں کو  بااختیار بنانے کے پروگرام کے بارے میں نوجوانوں کو آگاہ کرنے کے لیے پاکستان کے 25 شہروں کا دورہ کریں گے۔  انہوں نے اس سلسلے میں جلد ہی صوابی کا دورہ کرنے کا بھی اعلان کیا۔

  رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا ایک بڑا اثاثہ ہیں اور ملک کی ترقی میں ان کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔  وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی حکومت کی نوجوانوں کو  بااختیار بنانے اور ملک کی مجموعی اقتصادی ترقی کےلیے کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔  انہوں نے کہا کہ شہباز شریف حکومت کے دوران مہنگائی اور پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور معیشت کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر دیا گیا ہے۔  انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک کو معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچا لیا ہے۔  انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ہی وہ واحد جماعت ہے جس میں نوجوانوں کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔  انہوں نے کہا کہ اس طرح کے یوتھ کنونشن ضلعی اور تحصیل کی سطح پر منعقد کیے جائیں گے۔  وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو فنی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے زیور سے آراستہ کر رہی ہے تاکہ وہ مارکیٹ میں باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔  یوتھ کنونشن سے مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری مرتضیٰ جاوید عباسی نے بھی خطاب کیا۔

سعیدہ، حبیب شاہ