اسلام آباد،5اپریل (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ونشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ اڑان پاکستان پروگرام سے قومی معیشت کو ترقی دیں گے،
ہم ترقی کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں – حکومت نے دن رات محنت کر کے بجلی کی قیمت میں ریلیف دیا ہے-
ان خیالات کا انہوں نے ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت ای گورننس اور ڈیجیٹلائزیشن ،عوام کو ریلیف دینے کی جانب بڑھ رہی ہے، تمام سرکاری ٹھیکے ای پورٹل پر منتقل کر دیئے گئے،کسانوں کو سستے ٹریکٹر اور نوجوانوں کو لیپ ٹاپ فراہم کئے،معاشی استحکام سے غیر ملکی سرمایہ کاری ، کاروباری اور صنعتی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہو گا ۔
انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے، سیاسی اور معاشی استحکام میں توازن ہے، اس عمل کیلئے حکومت کی دن رات کی کوششیں کار فرما ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوام کو ریلیف دیا اس کے بعد مزید ریلیف بھی آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم شفافیت، ای گورننس، ڈیجیٹلائزیشن لے کر آئے، ٹھیکے ای پورٹل پر کئے تاکہ شفافیت آئے، عوامی بہبود کے دیگر پروگرام جن میں کسان کارڈ، ٹریکٹر سکیم، صحت کے شعبہ کے اقدامات اور امراض قلب کے شعبوں میں علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، انوائرمنٹ پروگرام کے تحت شجرکاری کی گئی ہے، غریب سے چھت کا وعدہ کیا تو اپنا گھر اپنی چھت پروگرام دیا، 1.5 ملین لوگوں کو رجسٹر کیا جنہیں اب گھروں کی چابیاں مل رہی ہیں ۔
بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ایک پیج پر ہیں جبکہ کاروباری شعبہ کا اعتماد بڑھ رہا ہے، تجارت میں بہتری آرہی ہے، پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم ہو کر 12 فیصد پر آگیا ہے، عالمی درجہ بندی کے ادارے آج پاکستان کی معاشی ترقی کا اعتراف کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سٹاک مارکیٹ 65 فیصدشرح نموکو ظاہر کرتی ہے اور اسے ایشیا کی صف اول کی پرفارمر مارکیٹ قرار دیا جاتاہے۔ ٹیکس دہندگان میں دوگنا اضافہ کیا ہے اور 1.5 ارب روپے کا ریونیو نئے فائلرز کی وجہ سے اکٹھا ہوا۔ آج بجلی کی قیمت میں جو ریلیف دیا گیا ہے وہ معاشی استحکام کی علامت ہے، اس سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ، انفراسٹرکچر ، کاروباری شعبوں میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ڈیجیٹلائزیشن کی جانب بڑھ رہے ہیں، نئی نسل کو بہتر ملک ملے گا، یہ بچے ہی اس ملک کا مستقبل ہیں اور آئی ٹی کے شعبہ میں یہ بچے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کریں گے۔
اے پی پی/ قرۃالعین/