لاہور، 12 اپریل (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت پنجاب طبی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بطور مہمان خصوصی سنٹرل پارک میڈیکل کالج کے دوسرے کانووکیشن میں خطاب میں کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل و لیبر فیصل ایوب کھوکھر بھی موجود تھے۔ کانووکیشن میں میاں طاہر جاوید چیئرمین بورڈ آف ٹرسٹی، ڈاکٹر محمد عباس کنٹرولر آف ایگزامینیشن یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز، پروفیسر آصف عباس نقوی، پروفیسر محمد عامر میاں پرنسپل سنٹرل پارک میڈیکل کالج، گریجویٹ، والدین اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ کانووکیشن میں سنٹرل پارک میڈیکل کالج کے 6 ایم بی بی ایس بیچ 2017-2023 کے 600 میں سے 173 کو ڈگریاں دی گئیں۔ صوبائی وزیر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تمام کامیاب ہونے والے طلباء و طالبات اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق میڈیکل ایجوکیشن کو پروموٹ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت میں نوجوان ڈاکٹروں کے کردار کو سراہتے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب طبی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے ستونوں پر ایک ترقی یافتہ معاشرہ قائم ہوتا ہے۔ عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ڈاکٹرز کو ہسپتالوں میں دکھی انسانیت کی خدمت کا نادر موقع فراہم کیا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ لاہور میں ایشیاء کا سب سے بڑا نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ بنایا جا رہا ہے۔ لاہور اور سرگودھا میں اسٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف انسٹی ٹیوٹس آف کارڈیالوجی بنائے جا رہے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب کی سرکاری طبی درسگاہوں میں جدید ریسرچ کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ نجی طبی تعلیمی اداروں میں بھی ایجوکیشن کا معیار بہتر ہوتا جا رہا ہے۔