اسلام آباد ،29 اپریل (اے پی پی ): دو روزہ ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ کانفرنس کا آغاز منگل کو یہاں ہوا جس میں 45 ممالک کے وفود شرکت کر رہے ہیں۔ اس فورم میں 40 سے زائد کمپنیاں اور سٹارٹ اپ اپنی مصنوعات کی نمائش کر رہے ہیں جبکہ 35 سے زائد وزراء اور مختلف ممالک کے حکومتی وفود بھی شریک ہیں۔ تقریب میں 30 سے زائد بین الاقوامی مقررین اور معروف بین الاقوامی آئی ٹی کمپنیوں کے 50 سے زائد سی ای اوز شرکت کر رہے ہیں۔
ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ آئی ٹی کےشعبہ میں بیرونی سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی،اس شعبہ میں 70 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگرکرنے میں معاون ثابت ہو گی۔انہوں نے کہا کہ چین کی کمپنی ہواوے کے ساتھ مل کر سالانہ 2لاکھ طلبا و طالبات کو ہنرمندی کی تعلیم دے رہے ہیں۔ 11 سے زیادہ دوست ممالک کے آئی ٹی وزرا ، ڈپٹی وزرا اور آئی ٹی ماہرین کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ مارچ میں 4 ارب 10 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر پاکستان بھجوائی گئیں جو پاکستان کی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے۔
وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں اور یہ فورم غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے بہترین مواقع فراہم کر رہا ہے ۔یہ ڈیجیٹل فورم پاکستان کی معیشت میں نئی روح پھونکنے کی ایک عملی کوشش ہے، جس سے نہ صرف عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے بلکہ ملکی نوجوانوں کے لیے روزگار اور ہنرمندی کے نئے در بھی کھلیں گے۔