اسلام آباد ، 17 اپریل ( اے پی پی): روسی نائب وزیر خارجہ ایس اے ریابکوف نے کہا کہ روس پاکستان کی ابھرتی ہوئی معیشت اور اہمیت کا خیر مقدم کرتا ہے،خطے میں پاکستان کی سیاسی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔
ان خیالات کا اظہار دورہ پاکستان پر آئے روسی نائب وزیر خارجہ نےانسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیزاسلام آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا۔انہوں نے کہا پاکستان روس کا اسٹریٹجک، معاشی اور دیگر پہلوؤں میں اہم شراکت دار ہے۔روس پاکستان سمیت دیگر ممالک کے ساتھ باہمی شراکت داری کے طور پر عملی اقدامات کا خواہاں ہے جن میں خاص طور پر ٹیکنالوجی کا شعبہ انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے گزشتہ روز ہونے والی ملاقاتوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور پاکستان کی مہمان نوازی کی تعریف کی۔ روس کے ڈپٹی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ بین الاقوامی سطح پر روس بھی انویسٹمنٹ اور تجارت کا خواہاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر بھی تجارتی تعلقات کو مزید وسعت ملنی چاہیے۔











