سوئٹزرلینڈ کے تجربات سے فائدہ اٹھا کر پاکستان کے آئی ٹی شعبے کو تقویت دی جائے گی ، شزہ فاطمہ خواجہ

3

اسلام آباد،17اپریل(اے پی پی): وفاقی وزیربرائےانفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہاہے کہ سوئٹزر لینڈ کے تجربات سے فائدہ اٹھا کر پاکستان کے آئی ٹی شعبے کو تقویت دی جائے گی،ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینے کے لئے باہمی شراکت داری وقت کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں سوئٹزر لینڈ کے سفیر جارج اسٹینر سے گفتگو کے دوران کیا ، سفیر نے جمعرات کو ان سے ملاقات کی۔ملاقات میں ڈیجیٹل شعبے میں تعاون بڑھانے پر گفتگوکی گئی، آئی ٹی اور ای-گورننس میں تعاون کی نئی جہتوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان وژن کے تحت جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دینا حکومت کی ترجیح ہے،سوئٹزرلینڈ کے تجربات سے فائدہ اٹھا کر پاکستان کے آئی ٹی شعبے کو تقویت دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینے کے لئے باہمی شراکت داری وقت کی ضرورت ہے،جدیدٹیکنالوجی  اور مہارت بڑھانا حکومت کی ترقی کی ترجیحات میں شامل ہے۔