سٹی اسلام آباد ایپ کے ذریعے وفاقی دارالحکومت کے مکینوں کو 150 سے زائد خدمات فراہم کی جا رہی ہیں، شزہ فاطمہ خواجہ

5

اسلام آباد۔15اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان شراکت داری سے ملک بھر بالخصوص اسلام آباد کے شہریوں میں ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے سہولیات کی فراہمی سے متعلق آگاہی پیدا کرنے میں مدد ملے گی، سٹی اسلام آباد ایپ کے ذریعے وفاقی دارالحکومت کے مکینوں کو 150 سے زائد خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے پی ایس ایل 10 کے موقع پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ سٹی اسلام آباد ایپ کے حوالہ سے اشتراک کیا ہے، یہ شراکت داری خوش آئند ہے،اس سے نہ صرف اسلام آباد بلکہ ملک بھر میں شہریوں کو ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے سہولیات کی فراہمی کے حوالہ سے آگاہی پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔

 انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسلام آباد یونائیٹڈ پی ایس ایل کی چیمپئن بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق ڈیجیٹل نیشن پاکستان کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، اسلام آباد میں پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر سمارٹ سٹی بنایا گیا ہے، سٹی اسلام آباد ایپ میں 150 سے زائد خدمات کو یکجا کیا گیا ہے، اس میں صحت، تعلیم سمیت مختلف شعبوں کے حوالہ سے معلومات موجود ہیں، اس ایپ میں مزید خدمات کو بھی شامل کریں گے جس کا مقصد گورننس میں شفافیت اور خدمات کی فراہمی میں تیزی لانا ہے تاکہ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔