سپورٹس کو ترقی دینا ہمارا مشن ہے، وفاق کے ساتھ مل کر صوبوں میں سپورٹس یکجہتی کو فروغ دیں گے، ، صوبائی وزیرکھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر

1

لاہور 24 اپریل (اے پی پی): صوبائی وزیرکھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر کی زیر صدارت پنجاب اور وفاق کے سپورٹس امور کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں دہائیوں سے رکے باکسنگ سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا گیا۔

 صوبائی وزیرکھیل نے اعلان کیا کہ پاکستان کا سب سے بڑا باکسنگ سپورٹس کمپلیکس سپورٹس بورڈ پنجاب تعمیر کر ے گا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے کھلاڑی ایک دوسرے کے ممالک میں میچز کھیلیں گے اور سپورٹس وفود کے تبادلے بھی ہوں گے،صوبائی وزیرکھیل پنجاب نے کہا کہ گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے کھلاڑی لاہور میں آکر میچز کھیلیں گے اور پنجاب کے کھلاڑی دیگر صوبوں میں میچز کھیلیں گے،ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ وفاق کے ساتھ مل کر صوبوں میں سپورٹس یکجہتی کو فروغ دیں گے اور وفاق اور پنجاب سپورٹس کا مشترکہ سپورٹس کیلنڈر تیار کریں گے۔

ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ سپورٹس کو ترقی دینا ہمارا مشن ہے،صوبائی وزیرکھیل پنجاب نے کہا کہ عالمی سطح پر فتوحات حاصل کرنیوالے کھلاڑیوں کے انعامات کیلئے مشترکہ پالیسی وضع کی جائے۔ صوبائی وزیرکھیل پنجاب نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مشترکہ سپورٹس ورکنگ کیلئے ڈی جی سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری واٹس اپ گروپ بنائیں۔

وفاق کی جانب سے سیکرٹری آئی پی سی محی الدین وانی نے سپورٹس کے امور بارے اجلاس کو بریفنگ دی۔ سیکرٹری آئی پی سی نے بتایا کہ فیصل آباد میں وفاق کی جانب سے ملٹی پرپز سپورٹس کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا، بنگلہ دیش کے ساتھ سپورٹس ریلیشن شپ کو وسعت دی جائے گی۔ اجلاس میں سیکرٹری آئی پی سی محی الدین وانی اور ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ یاسر پیرزادہ آن لائن شریک ہوئے۔ سیکرٹری سپورٹس پنجاب مظفرخان سیال اور ڈی جی سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری نے بھی اجلاس میں شرکت کی-