اسلام آباد، ، 27 اپریل (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کو فوری جامع موسمیاتی موافقت حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ شجرکاری مہمات اور حیاتیاتی تنوع کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے قومی لائبریری آڈیٹوریم اسلام آباد میں خطاب کرتے ہوئے کیا –
ڈاکٹر مصدق ملک نے پاکستان انٹرنیشنل وائلڈ لائف اور ایکو فلم فیسٹیول میں بطور مہمانِ خصوصی اپنے خطاب میں وائلڈ لائف اور ماحولیاتی تحفظ کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا-مصدق ملک نے بتایا کہ برقی گاڑیوں کے فروغ اور قدرتی حل کے ذریعے کاربن جذب کرنے پر کام جاری ہے جبکہ ترقی یافتہ ممالک کو پاکستان کی مالی اور تکنیکی مدد کرنی چاہیے ، لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کا فوری عملی نفاذ وقت کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ نوجوانوں اور مقامی برادریوں کی شمولیت کلائمیٹ ایکشن میں اہم کردار ادا کرے گی جبکہ مؤثر پالیسی سازی اور ادارہ جاتی تعاون کی ضرورت ہے، انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا کو موسمیاتی تبدیلی پر مسلسل اور مؤثر آگاہی مہم چلانی چاہیے۔