اسلام آباد، 10 اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال اور وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے پمز اسپتال کا دورہ کیا اور ‘ون پیشنٹ، ون آئی ڈی’ منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر دونوں وزراء نے او پی ڈی رجسٹریشن کاؤنٹر، ریڈیالوجی، پیتھالوجی لیب سمیت دیگر شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔
دورے کے دوران اسپتال انتظامیہ اور عملے نے منصوبے سے متعلق چیلنجز اور شکایات پر وزرا ء کو تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ شعبہ جات فوری طور پر درپیش مسائل کی فہرست مرتب کریں، اور پمز و آئی ٹی انتظامیہ باہمی اشتراک سے ان مسائل کے بروقت حل کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ نئے نظام میں ابتدائی چیلنجز ایک فطری امر ہیں، لیکن اصل مسئلہ ان کا حل نہ ہونا ہے۔ ‘ون پیشنٹ، ون آئی ڈی’ ایک انقلابی منصوبہ ہے جس کی میں ذاتی طور پر نگرانی کر رہا ہوں۔ تمام رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا، ہم وزارت صحت کے ساتھ مل کر صحت کے شعبے کو ڈیجیٹل ٹرانسفارم کریں گے۔