صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے سابق صدر سردار مسعود خان کی ملاقات

0

اسلام آباد، 28اپریل(اے پی پی):صدر  آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے سابق صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات میں مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و بربریت پر تفصیلی بات چیت ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر پہلگام میں سیاحوں پر ہونے والی فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی  اوراس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں کشمیریوں پر ظلم و جبر کر رہا ہے لیکن دنیا یہ جانتی ہے کہ بھارت ہندوتوا کے نظریے پر گامزن ہے اور مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کیے ہوئے ہے۔

 صدر آزاد جموں وکشمیر  نے کہا کہ بھارت ایسے فالس فلیگ آپریشن کر کے مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کشمیر کو سبو تاژ کرنا چاہتا ہے لیکن مقبوضہ کشمیر کے عوام کی دہائیوں پر محیط تحریک آزادی کشمیر ظلم و بربریت سے دبائی نہیں جاسکتی۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے جابرانہ قبضے کو غیر قانونی اور غیر اخلاقی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی برادری مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کو جنگ کی طرف جانے سے روکے اور بھارت کو اُس کے مذموم عزائم سے باز رکھنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔