اسلام آباد، 16 اپریل 2025)اے پی پی(:وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے بدھ کو سرگودھا ڈویژن کی مختلف بار ایسوسی ایشنز کے صدور اور جنرل سیکرٹریز سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سرگودھا، میانوالی، بھلوال، منکیرہ، دریاخان، عیسیٰ خیل، پیپلن، شاہپور، سلانوالی، بھیرہ اور کوٹ مومن کی بار ایسوسی ایشنز کے نمائندگان شریک ہوئے۔
اجلاس کا بنیادی ایجنڈا اس سال ہونے والے صوبائی بار کونسلز کے انتخابات سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال تھا۔ وفاقی وزیر قانون نے شرکاء کو واضح طور پر یقین دلایا کہ صوبائی بار کونسل انتخابات سے متعلق قوانین میں کوئی تبدیلی نہیں کی جا رہی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ انتخابات مقررہ وقت پر، متعلقہ قوانین اور ضوابط کے مطابق ہی منعقد ہوں گے۔
اجلاس میں وکلا برادری کے لیے جاری اور آئندہ ترقیاتی منصوبوں پر بھی گفتگو ہوئی۔ سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے قانونی برادری کے ساتھ حکومت کے تعاون کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے مختلف بار ایسوسی ایشنز کے لیے مالی گرانٹس کا اعلان کیا۔ یہ گرانٹس بار دفاتر کی تعمیر و تزئین اور بہتر کاری ماحول کی فراہمی کے لیے استعمال کی جائیں گی۔