صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے پاکستانی نژاد برطانیہ اور اٹلی کے سرمایہ کاروں کے وفود کی ملاقاتیں

3

اسلام آباد 15 اپریل ( اے پی پی ) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے پاکستانی نژاد برطانیہ اور اٹلی کے سرمایہ کاروں کے وفود نے ملاقاتیں کی۔ملاقات میں پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت کی گئی ۔

صوبائی وزیر نے  غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ پنجاب کو معاشی اور اقتصادی سرگرمیوں کا مرکز بنادیا ہے ،ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار پنجاب کو سرمایہ کاری کیلئے ترجیح دے رہے ہیں پنجاب کے صنعتی مراکز میں تیزی سے نئی انڈسٹری لگ رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں بننے والے گارمنٹ سٹی میں ٹیکسٹائل سیکٹر سے وابستہ چین سمیت دیگر غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیاں سرمایہ کاری کر رہی ہیں مقامی سرمایہ کار بھی گارمنٹ سٹی میں ٹیکسٹائل کے کارخانے لگا رہے ہیں پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری پر خصوصی مراعات دی جارہی ہیں یہاں سرمایہ کاری پر 10سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری درآمد کی سہولت موجود ہے۔

 انہوں نے کہا کہ بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز سرمایہ کاروں کو ایک چھت تلے سہولیات فراہم کر رہے ہیں پنجاب میں سرمایہ کاری کا بہترین وقت اور موقع موجود ہے غیر ملکی سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔

انہوں نے کہا کہ مرحلہ وار پروگرام کے تحت  انڈسٹریل اسٹیٹس کو سولر انرجی پر منتقل کیا جارہاہے سولر انرجی پر منتقلی سے پیدا واری لاگت میں کمی آئے گی انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعتی انفراسٹرکچر کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے کاروبار کیلئے سازگار ماحول کے باعث پنجاب میں اربوں ڈالر کی نئی غیر ملکی سرمایہ کاری آرہی ہے ۔

چوہدری شافع حسین نے کہا کہ سرمایہ کاروں نے پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی کی کاوشوں کو سراہا پاکستانی نژاد غیر ملکی سرمایہ کاروں نے  پنجاب میں سرمایہ کاری پر آمادگی کا اظہار بھی کیا ۔