ملتان ، 12 اپریل (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ستھرا پنجاب مہم کے تحت صفائی نظام کی آؤٹ سورسنگ کا میگا منصوبہ لانچ کیا ہے،ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ دیہی و شہری علاقوں میں یکساں صفائی آپریشن کیا جارہا ہے، صفائی نظام کی آوٹ سورسنگ کا مقصد صوبے بھر کو ویسٹ فری کرنا ہے، ضلع ملتان کو ویسٹ فری کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو تحصیل شجاع آباد کے دورہ کے دوران زیرو ویسٹ آپریشن کی انسپکشن کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی حکام نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے عارضی لینڈ فل سائٹ کا معائنہ کیا اور صفائی نظام کا جائزہ لیا۔محمد علی بخاری نے شہریوں سے ملاقات کی اور زیرو ویسٹ آپریشن بارے ان سے تجاویز لیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت ستھرا پنجاب مہم میں تیزی لائی گئی ہے،تحصیل کی سطح پر افرادی قوت اور مشینری بڑھائی جارہی ہے،شہری کسی بھی صفائی شکایت کو فوری 1139 پر درج کرا سکتے ہیں۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال شجاع آباد کا وزٹ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں دی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا،ادویات کا سٹاک چیک کیا،مریضوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل بھی دریافت کئے۔محمد علی بخاری نے کہا کہ ٹی ایچ کیو ہسپتال شجاع آباد میں ٹراما سینٹر سمیت جدید ترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں،ہسپتال ہذا میں ہیپاٹائٹس سینٹر اور ایمرجنسی وارڈ کی اپ گریڈیشن پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے،گائنی یونٹ میں بیڈز اور آپریشن تھیٹرز کی تعداد بڑھانے کے لئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہسپتالوں اور مراکز صحت کی کڑی مانیٹرننگ کی جا رہی،تاکہ شہریوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔