اسلام آباد، 09مارچ (اے پی پی):عالمی ادارہ صحت کے زیر اہتمام عالمی یوم صحت کی مناسبت سے اسلام آباد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس سے وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال اور ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر ڈپینگ لؤ نے خطاب کیا۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم عالمی یوم صحت منا رہے ہیں۔ اس سال عالمی یوم صحت، صحت مند آغاز، صحت مند مستقبل کے عنوان کے تحت منایا جا رہا ہے۔ پاکستان کو مشکلات کا سامنا ہے، لیکن ہم پر امید ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی بنیادی ترجیح شعبہ صحت ہے اور وہ ایک بھی لمحہ اور موقع ضائع نہیں ہونے دیتے۔انہوں نے کہا کہ ہم بچوں کی صحت کے لیے خصوصی کام کریں گے اور آنے والے دنوں میں معاشرہ صحت مند ہوگا۔
وزیر صحت کا کہنا تھا کہ “میں نے جس دن عہدہ سنبھالا، اسی دن ڈاکٹر لو ڈپنیگ سے ملاقات کی۔ یہ اپنی ذمہ داریاں بہترین انداز میں نبھا رہے ہیں۔ یہ وزرات ہمارے لیے پھولوں کی سیج نہیں ہے، یہ چیلنجز سے بھرپور ہے، اللہ کی مخلوق کا جواب دینا ہے”۔
ڈاکٹر لؤ نے کہا کہ ماں اور بچے کی صحت پر سرمایہ کاری انسانی سرمائے، معاشی ترقی اور خوشحال معاشرے کی ضمانت ہے۔