برلن،2اپریل(اے پی پی):برلن میں تیسرا گلوبل ڈس ایبلٹی سمٹ آج سے شروع ہو گیا ہے۔ یہ ایونٹ جرمنی کی وفاقی حکومت، انٹرنیشنل ڈس ایبلٹی الائنس اور اردن کی حکومت کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے۔
پاکستان کی نمائندگی وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ کر رہے ہیں، جو اس سمٹ میں شرکت کے لیے برلن پہنچے ہیں۔
وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق، یہ عالمی سمٹ معذور افراد کے حقوق کے فروغ اور ان کے لیے بہتر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔
ڈاکٹر مختار بھرتھ عالمی سمٹ سے خطاب کریں گے، جس میں وہ پاکستان میں معذور افراد کی فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالیں گے۔
ان کے خطاب میں معذور افراد کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے کی جانے والی اصلاحات، پالیسیوں اور عملی اقدامات کو اجاگر کیا جائے گا۔
یہ سمٹ دنیا بھر سے 100 سے زائد ممالک کے 3,000 سے زائد مندوبین کی میزبانی کر رہا ہے، جہاں معذور افراد کے حقوق اور فلاح و بہبود کے حوالے سے تجربات اور اقدامات کا تبادلہ کیا جائے گا۔