لاہور ، 20اپریل (اے پی پی): ایکشن ریسرچ کلیکٹیو کی جانب سے لاہور کے علاقے رحمانپورہ میں قائم ہونے والے تیسرے چراغ گھر کمیونٹی سینٹر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں علم و اُمید کی علامت کے طور پر شمع روشن کی گئی، جس نے علم، یکجہتی اور سماجی شعور کے فروغ کی علامت بن کر شرکاء کے دلوں کو منور کر دیا۔
تقریب میں معروف ماہرین تعلیم اور محققین کی شرکت نے تقریب کو علمی اور فکری اہمیت عطا کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایکشن ریسرچ کلیکٹیو کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نوشین زہرا زیدی نے کہا کہ”چراغ گھر صرف عمارتیں نہیں بلکہ امید کے وہ روشن مینار ہیں جہاں علم، ہنر اور انسانیت کا ملاپ ہوتا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہ مراکز پسماندہ کمیونٹیز کے لیے نہ صرف علم کی روشنی لائیں بلکہ ان کے اندر خوداعتمادی، شعور اور اپنے مستقبل کو بہتر بنانے کا جذبہ بھی پیدا کریں۔”
چراغ گھر کمیونٹی سینٹر میں بچوں کے لیے بعد از اسکول معاونت، ہنر سیکھنے کے پروگرام، کمیونٹی ایونٹس، اور مستقبل قریب میں ڈیجیٹل خواندگی اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے کمپیوٹر لیب کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔
تقریب کے اختتام پر مہمانوں نے کمیونٹی سینٹر کے مختلف حصوں کا دورہ کیا، جن میں تربیتی کلاس رومز، مطالعہ گاہ اور خواتین کے لیے مختص ہنر سیکھنے کی ورکشاپس شامل تھیں۔
محض تین سال کے عرصے میں لاہور کے محنت کش طبقات کے علاقوں میں دو کامیاب چراغ گھر قائم کیے ہیں، جہاں اب تک 2,500 سے زائد صحت کی جانچیں کی جا چکی ہیں، 2,000 سے زائد پانی کے نمونے ٹیسٹ کیے گئے، 3,000 طلبا کو تعلیمی معاونت دی گئی، 10 ہنر سیکھنے کے پروگرام شروع کیے گئے اور شہری حقوق و صحت عامہ پر 7 تحقیقی مطالعات شائع کیے جا چکے ہیں۔
یہ نیا چراغ گھر لاہور کے شہری ترقی کے منظرنامے میں ایک اور روشن مثال ہے، جو امید، علم اور بااختیار بنانے کے عزم کا تسلسل ہے۔