ملتان،23 اپریل(اے پی پی ): سلطان کے دائیں ہاتھ کے اوپنر بلے باز یاسر خان نے کہا ہے کہ پی ایس ایل10 میں پہلی جیت پر خوشی ہے،امید ہے ٹورنامنٹ کے اگلے میچز بھی جیتیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل10 کے 12 ویں میچ میں لاہور قلندرز کے خلاف ملتان سلطان کی جیت کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔یاسر خان نے کہا کہ کافی محنت کرکے یہاں تک پہنچا ہوں،میں اپرچونیٹی کا انتظار کر رہا تھا،لاہور قلندرز کے خلاف موقع ملا اوراپنی ٹیم کیلئے اچھا پرفارم کیا،اپنی پرفارمنس پر شکر ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ کپتان محمد رضوان ہمیشہ چیمپین کی بات کرتے ہیں اور ہم چیمپئنز کی طرح ردعمل کرتے ہیں،اللہ کا شکر ہے کہ ملتان میں اچھا سٹارٹ ملا یہاں کے کراوڈ نے بہت سپورٹ کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے کپتان ہر لڑکے کو پازیٹو سمجھاتے ہیں،لاہور قلندرز کے خلاف بیٹنگ میں بھی ہر بال پر رضوان بھائی نے کافی مدد کی اور سمجھایا،ہر انسان کی خواہش ہوتی ہے کہ سنچری کرے،میں اپنی ٹیم کے لئے کھیلا ہوں خوشی ہے کہ ہم جیتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں یاسر خان نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کسی بالر کا پریشر ہے،شاہین آفریدی کا بال اندر آتا ہے تو میں پلاننگ کرکے آیا تھا کہ اچھا پرفارم کروں گا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پی ایس ایل کے رواں سیزن کے پہلے تین میچز ہارے،لاہور قلندرز کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر ایونٹ میں پہلی جیت حاصل ہوئی ہے،انشاءاللہ آئندہ میچوں میں بھی اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کروں گا۔