ملتان، محکمہ تعلیم ملتان کا   خواتین اساتذہ کے لیے پہلی بار انٹر ڈسٹرکٹ اسپورٹس گالا 2025 کا شاندار انعقاد کیا

1

ملتان ،28 اپریل (اے پی پی ):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن اور وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی قیادت میں، محکمہ تعلیم ملتان نے خواتین اساتذہ کے لیے پہلی بار انٹر ڈسٹرکٹ اسپورٹس گالا 2025 کا شاندار انعقاد کیا۔ یہ رنگارنگ تقریب ڈپٹی سیکرٹری سکولز ایجو کیشن ساؤتھ پنجاب خواجہ مظہرالحق اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ کی موجودگی میں گورنمنٹ گرلز کمپری ہینسوہائر سکینڈری سکول ملتان میں رنگارنگ ٹیچرز سپورٹس گالا کا افتتاح کیا۔تقریب میں ملتان کے تمام تعلیمی اداروں سے افسران، خواتین اساتذہ اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب میں ملک کی ثقافتی جھلکیوں، قومی نغموں اور مارچ پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔

ڈپٹی سیکرٹری سکولز ایجو کیشن مظہرالحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیم کے ساتھ جسمانی صحت، ٹیم ورک، اور مثبت رویے کی تربیت بھی نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل صرف تفریح نہیں بلکہ کردار سازی اور ٹیم اسپرٹ پیدا کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ جسمانی طور پر تندرست اساتذہ ہی فکری طور پر مضبوط نسل کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ نے بھی شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین اساتذہ کو صحت مند اور فعال رکھنے کے لیے ایسے پروگراموں کا تسلسل سے انعقاد ضروری ہے۔ انہوں نے اسپورٹس گالا کو ایک تاریخی قدم قرار دیتے ہوئے تمام منتظمین اور شریک اساتذہ کو مبارکباد پیش کی۔

تقریب کے دوران مختلف کھیلوں جیسے رسہ کشی، بیڈمنٹن، دوڑ، اور ٹیبل ٹینس کے مقابلے منعقد کیے گئے۔ شریک خواتین نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا بلکہ خوشگوار ماحول میں مسابقت کی شاندار مثال بھی قائم کی۔آخر میں کامیاب ہونے والی ٹیموں اور اساتذہ میں انعامات اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ شرکاء نے امید ظاہر کی کہ محکمہ تعلیم آئندہ بھی ایسی مثبت سرگرمیوں کو فروغ دے گا۔تقریب کے مہمانان اور منتظمین تقریب میں، سیکشن آفیسرحنا چوہدری، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری (زنانہ)، نزہت پروین، ہیڈ مسڑس ادارہ زرین اختر سمیت ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز صدر ساجدہ بی بی، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرتحصیل سٹی عفت مسعود، شریک ہوئے۔

رابعہ ارم ڈویژنل گرل گایڈ ٹرینر نے گرل گایڈ کے ہمراہ مہمانان خصوصی کا استقبال کیا۔ ملتان نے رسہ کشی کے کھیل کی میزبانی کی۔ خواتین اساتذہ نے ان مقابلوں میں بڑی دلچسپی سے حصہ لیا اور کھیلوں کا خوبصورت مظاہرہ کیا۔ رسہ کشی کے دلچسپ مقابلے میں خانیوال کی ٹیم نے سب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے فتح حاصل کی، جس پر انہیں بھرپور داد دی گئی۔منتظمین کی محنت اور عزم سپورٹس گالا کو کامیاب بنانے میں ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ کی قیادت میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری (زنانہ)، نزہت پروین، ہیڈ مسڑس ادارہ زرین اختر، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر فزیکل ایجوکشن بہاول قیوم اور ان کے ہمراہ تمام اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز اوران کی ٹیم نے دن رات محنت کی۔