ملکی ترقی کے لئے اقبال کے افکار پر عمل پیرا ہونا وقت کی ضرورت ،اڑان پاکستان منصوبہ علامہ اقبال کے خودی کے تصور کی عملی تصویر ہے، پروفیسر احسن اقبال

0

لاہور۔21اپریل  (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے ملکی ترقی کے لئے  اقبال کے افکار پر عمل پیرا ہونا وقت کی   ضرورت ہے،حکومت کا اڑان پاکستان منصوبہ علامہ اقبال کے خودی کے تصور کی عملی صورت ہے،بطور قوم ہمیں اپنے آپ کو پہچانتے ہوئے اپنی تقدیر خود لکھنا ہو گی ،آج کے نوجوانوں کو فکر اقبال سے روشناس ہونے کی ضرورت ہے ، کوشش ہے کہ ایسا تعلیمی میدان تشکیل دیا جائے  کہ ہمارا تعلیم یافتہ نوجوان دنیا کا مقابلہ کر سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر  کو اقبال اکادمی پاکستان کے زیر اہتمام ‘‘عصر حاضر میں فکر اقبال ’’  کے عنوان سے بین الاقوامی اقبال کانفرنس 2025 سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علامہ اقبال کے پڑپوتے منیب اقبال،ڈائریکٹر اقبال اکیڈمی ڈاکٹر عبدالرئوف رفیقی،طلبہ و طالبات اور مختلف مکتبہ  ہائےفکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد موجود تھی۔

وفاقی وزیر نے شاعر مشرق علامہ اقبال کی 87ویں برسی پران کو  خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا  کہ علامہ اقبال صرف ایک شاعر ہی نہیں، بلکہ ایک ایسے اہل بصیرت رہنما تھے جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک الگ وطن کا تصور پیش کیا، ان کا فلسفہ خودی اور ان کی شاعری نے نہ صرف تحریکِ پاکستان کو نظریاتی بنیاد فراہم کی بلکہ بر صغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کے اندر ایک نئی روح پھونکی،انہوں نے نہ صرف مسلمانوں کو سیاسی ،فکری اور روحانی طور پر متحد کیا بلکہ بر صغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کو اپنی جداگانہ تہذیب، ثقافت اور شناخت کو برقرار رکھتے ہوئے ترقی کی راہ پر گامزن ہونے کا پیغام دیا،مفکر پاکستان نے ایک غلام قوم کو آزادی کی راہ دکھائی اور اپنے پیغام سے محکوم قوم کے ذہنوں کی آبیاری کی جس کی بدولت آج ہم ایک آزاد ملک میں رہ رہے ہیں ۔اقبال کے شعروں کا حوالہ دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ علامہ اقبال نے ہمیشہ نوجوانوں کو قوم کا اصل سرمایہ قرار دیا اورنسل نو کو شاہین سے تعبیر دیتے ہوئے جہدِ مسلسل، حصول علم اور اعلی اخلاقی اقدار اپنانے کی تلقین کی، اقبال کے نزدیک نوجوان ہی وہ طاقت ہیں جو قوموں کو زوال سے نکال کر عروج پر پہنچا سکتے ہیں، آج کے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اقبال کے پیغام کو سمجھیں، اقبال کا پیغام ہمیں سیاسی، سماجی اور اقتصادی آزادی کی طرف لے جاتا ہے، ہمیں اپنے اندر خودی کو جگا کر، علم و ہنر سے آراستہ ہو کر اور قومی یکجہتی کو مضبوط کر کے پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بنانا ہے۔

پروفیسر احسن اقبال نے کہاکہ اقبال نے ہمیشہ نوجوانوں کی بات کی ،اقبال کا نوجوان فکر کا سفیر ہوتا ہے ،اقبال کا جوان قیادت کا خواب دیکھتا ہے ،اقبال نے ہمیشہ نوجوانوں کو قوم کا مستقبل قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ اقبال نے خودی پر بہت زور دیا ،خودی ہمیں مایوسی سے نکالتی ہے اور ہمیں کامیابی کی جانب کے جاتی ہے ،احسن اقبال نے کہا کہ علامہ اقبال کا فلسفہ خودی ہمیں ایک خودار، خودمختار، اور معاشی طور پر مستحکم مملکت کی حیثیت سے اپنا تشخص قائم کرنے کی دعوت دیتا ہے۔ ان کا فلسفہ محض شاعری یا مذہبی تعلیمات تک محدود نہیں بلکہ ایک جامع ترقیاتی وژن فراہم کرتا ہے،اقبال نے اپنے اندر چھپی صلاحیتوں کو پہچاننے کا کہا،ہمیں اپنے آپ کو پہچاننا ہو گا، اور اپنی تقدیر خود لکھنا ہو گی ، اگر ہم خود کو پہچانیں  اور اٹھ کھڑے ہوں  تو ہمارے سامنے کامیابی کی کوئی حد نہیں ہے ،جو قومیں آزاد اور خود مختار ہوتی ہیں ، وہ وقت ضائع نہیں کرتی بلکہ اپنی ترقی کے  لئے  محنت کرتی ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ خودی کا حصول علم کی بدولت ہی ممکن ہے ،ہمیں ایسا تعلیمی میدان تشکیل دینا ہے    جس سے  ہماراتعلیم یافتہ   نوجوان دنیا کا مقابلہ کرے،اقبال کے کلام کو تعلیم کا حصہ بنا رہے ہیں تاکہ نوجوانوں کو بااختیار بنا سکیں کہ اور وہ ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کو معاشی چیلنج کاسامناہے اور ہمارے نوجوان وطن عزیز کا مستقبل  ہیں اور وہ معاشی چیلنج کامقابلہ کر نے کی صلاحیت رکھتے ہیں ،اڑان پاکستان منصوبہ    علامہ اقبال کے ترقیاتی وژن سے متاثر ہوکر تشکیل دیا گیا ہے، یہ منصوبہ نوجوانوں کو خودی کے فلسفے پر عمل کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور پاکستان کی تعمیر و ترقی میں حصہ ڈالنے کی دعوت دیتا ہے ۔ ہمیں اپنی نئی نسل کو اقبال کی تعلیمات سے روشناس کرانے کےلئےتعلیمی نصاب کو ان کے پیغام کے ساتھ ہم آہنگ کرنا ہوگا تاکہ وہ ایک جدید، ترقی پسند اور خودمختار پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ وقت آگیا ہے کہ ہم متحد ہوں، اختلافات ایک طرف رکھیں، ملک کی ترقی کے لئے پرعزم ہو کر کام کریں، آج کے دن ہمیں بحیثیت قوم علامہ اقبال کے افکار کو مشعل راہ بنانے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔  اس موقع پر وفاقی وزیر کو شیلڈ پیش کی گئی۔قبل ازیں وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے  مزار اقبال پر حاضری دی ، پھولوں کی چادر چڑھائی ، فاتحہ خوانی کی اورمہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے ۔

لاہور، حبیب شاہ